ایک طرف کورونا وائرس کا سامنا ہے اور دوسری طرف کرپشن سے لڑ رہے ہیں،حکومت کورونا کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے: شبلی فراز

177

ا سلام آباد، 16 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ ملک دو وائرس کا شکار ہے ۔ایک وائرس کورونا کے نام سے جانا جاتا ہے ۔اس وائرس کی ابھی کوئی دواسامنے نہیں آئی ۔اس وبا ءسے پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی تباہی ہوئی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کورونا کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے حقائق کے مطابق صورتحال عوام کے سامنے رکھی ۔پاکستان کو معاشی طور پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔حکومت وبا سے نمٹنے کے لیے روڈ میپ کے مطابق کام کر رہی ہے کیونکہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ان خیالات کا  اظہار سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ  ہفتہ  کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دوسرا وائرس کرپشن ہے جس کی دوا عمران خان ہے ۔ ایک طرف کورونا وائرس کا سامنا کر رہے ہیں اور دوسری طرف کرپشن سے لڑ رہے ۔وزیراعظم عمران خان ہی کرپشن  کے وائرس کو ختم کریں گے۔اس وائرس نے ملک کو مقروض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی باتیں بے بنیاد ہیں ۔گورنر سندھ کو کورونا ہو گیا تھا ،اب صحت یاب ہو کر کام پر آگئے ہیں۔ کرپشن  کے وائرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی  کو این آر او نہیں ملے گا۔انہوں نے کہاکہ چینی، آٹا کمیشن کی رپورٹ بھی  جلد سامنے آئے گی ۔

سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے کابینہ ممبران کے ساتھ تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں۔وزیراعظم عمران خان نے 8 ارب ڈالر امدادی پیکج کا اعلان کیا۔480 ارب روپے معیشت کی بہتری کے لیے رکھے گئے۔570 ارب روپے عوام کے ریلیف کے لیے مختص کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس کیلئے سو ارب رکھے گے ۔دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ۔احساس پروگرام کے ذریعے 104 ارب روپے 85 ہزار خاندانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں۔اس پروگرام میں مکمل شفافیت یقینی بنائی گئی ۔اس پروگرام کے ذریعے سندھ سمیت ملک بھر میں انتہائی کم وقت میں امداد کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے  کہاکہ حکومت کا ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبہ کھولنے کا مقصد دیہاڑی دار طبقہ کو ریلیف فراہم کرناہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام ایس او پیز پر عمل کرے اور ذمہ داری کا مظاہر کرے۔

اے پی پی /ڈیسک /قرۃالعین