اسلام آباد ، 28 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج کے دن 28 مئی کو پاکستان ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ عزم اور ہمت سے ہم جس منزل کو حاصل کرنا چاہیں وہ حاصل کر سکتے ہیں۔ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ حکومت نے بہترین حکمت عملی سے کوویڈ 19 کو منظم انداز میں کنٹرول کیا،ہماری سمت درست ہے، ٹڈی دل کو بھی کنٹرول کریں گے جس کے لئے قومی سیل قائم کر رہے ہیں۔
جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک طرف معیشت ہے اور دوسری جانب انسانی جانیں اور وزیراعظم عمران خان کو عام آدمی کی مشکلات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت عملی اختیار کی تاکہ معیشت چلے اور اس کے لئے موثر حکمت عملی کی روشنی میں ایس او پیز بنائے گئے تاکہ وباءپر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی مشکلات بھی کم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی وباءیا بیماری کی شدت کا اندازہ اس سے ہونے والی اموات سے لگایا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح ہمارے خدشات اور بھارت و دیگر ممالک سے بہت کم ہیں جو بہترین حکمت عملی اور اللہ کی مدد سے ممکن ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جو خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ افریقہ سے ٹڈی دل کی ایک اور کھیپ آنے والی ہے اس کے لئے بھی این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں اور سپرے کی دستیابی اور ترسیل کے انتظامات بھی مکمل کر رکھے ہیں۔ 9 میں سے 6 جہاز مکمل تیار ہیں باقی ماندہ تین جہاز بھی جلد تیار ہو جائیں گے تاکہ بروقت فوری اور بھرپور طریقے سے ٹڈی دل سے نمٹا جا سکے۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ ثابت قدم رہیں، امید ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ اس المیے سے بھی نجات دے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں معاونین خصوصی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اثاثہ جات ظاہر کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ شخصیت ہیں جن کے کسی اپنے نے بھی فائدہ لیا تو انہوں نے اسے پارٹی سے الگ کیا جبکہ شوکت خانم کی شفافیت کی مثال سب کے سامنے ہے۔ وزیراعظم عمران خان جو عزم کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں اور یہی ان کی کامیابی کی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کوویڈ 19 کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر ہر پہلو سے اعداد و شمار اکٹھے کئے جا رہے ہیں اور عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ وسائل، ہسپتال، ڈاکٹرز، ادویات کی کوئی قلت نہیں۔ وزیراعظم عمران خان 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں اور ملک کو بہتری کی طرف لے جانے کے لئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لا رہے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان قومی سوچ رکھتے ہیں، سندھ ہماری جان ہے اور ہم سندھ کو ایک ہی آنکھ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی
ے۔











