ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کیجانب سے ائرپورٹ سے قرنطینہ سنٹر جانے والے راستوں کی خصوصی صفائی کا آغاز

125

 

ملتان ،2جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کیجانب سے بیرون ملک سے پاکستانیوں کی آمد کے پیش نظر قرنطینہ سنٹر جانےوالے راستوں کی صفائی ستھرائی کی ہدایت پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے ائرپورٹ سے قرنطینہ سنٹر جانے والے راستوں کی خصوصی صفائی کا آغاز کردیا ہے، کمپنی کا خصوصی عملہ مظفر آباد کے ایریا میں گرینڈ صفائی میں مصروف عمل ہے۔

50 ورکرز پر مشتمل خصوصی عملہ کو فرنٹ بلیڈ ٹریکٹر، ٹرالیوں اور کمپیکٹر کی مدد حاصل ہے جبکہ شیر شاہ روڈ سے نکلنے والی گلیوں اور سڑکوں میں بھی صفائی جاری و ساری ہے۔

 ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر نے ائرپورٹ روڈ اور مظفر آباد روڈ پر صفائی کا جائزہ لینے کے لئے دورہ  کیا اور ہدایات جاری کیں۔ نئے مہمانوں کی آمد کے پیش نظر کمپنی کے سینٹری ورکرز کی طرف سے  قرنطینہ سنٹر میں بھی صفائی جاری و ساری ہے اور شہر میں بارش کی آنکھ مچولی کے باوجود کمپنی کے ورکرز معمول کی صفائی میں مصروف عمل ہیں۔