ملتان 2جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں گندم خریداری مہم کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ضلع ملتان میں 18 لاکھ 44ہزار354 بوری گندم خریدی گئی اور محکمہ خوراک نے کسانوں کو20 لاکھ 54 ہزار 326 بوری باردانہ جاری کیاتھا جبکہ 2 لاکھ 10ہزار بوری باردانہ گندم خریداری مراکز پر واپس نہیں آ سکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کو گندم سمیت باردانہ وصول کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ حکومت نے کسی فرد کو باردانہ گندم کو گوداموں میں سٹور کرنے کے لئے نہیں دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری ٹارگٹ کا 87.15 فیصد حصول اسسٹنٹ کمشنرز کی محنت کی وجہ سے حاصل ہوا،محکمہ خوراک کے افسران نے 100 فیڈ ٹارگٹ کے حصول کے لِے کاوش نہیں کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو بریفنگ دی گئی کہ محکمہ خوراک نے ضلع ملتان میں گزشتہ پانچ سال کے مقابلے میں گندم کی ریکارڈ خریداری کی ہے اور ضلع ملتان کی غذائی ضروریات 10 لاکھ گندم بوری ہے،محکمہ خوراک کے پاس20 لاکھ بوری گندم موجود ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ملتان کی فلور ملز دوسرے اضلاع سے گندم خرید رہی ہیں۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور تحصیل صدر، شجاع آباد اور جلالپور پیرالا کےاسسٹنٹ کمشنرزکی شرکت اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ملک ممتاز،اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز،فوڈ انسپکٹرز اور ریونیو آفیسرز بھی شریک ہوئے۔











