چنیوٹ، 04 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے دریائے چناب میں ممکنہ طغیانی پرکڑی نظر رکھیں اور سیلاب سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات جلد مکمل کریں ،دریا کنارے آباد لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس میں ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال بارے انتظامات کے جائزہ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں دیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کو فلڈ کے حوالے سے کیے گئے پیشگی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ،ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تاحال دریائے چناب میں سیلابی صورتحال نہیں ہے مگر مون سون بارشوں سے متوقع سیلابی صورتحال میں ساحلی پٹیوں پر بسنے والے شہریوں ، کسانوں ، مویشیوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام انتظامات مکمل کریں اور اپنا ہنگامی پلان ڈی سی آفس بھجوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آب پاشی ، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹیز ، لوکل گورنمنٹ ، محکمہ صحت ، ایجوکیشن ، سول ڈیفنس ، سوشل ویلفیئر، لائیو سٹاک ، خوارک و زراعت و دیگر محکمہ جات سیلاب کی صورتحال میں ریلیف کیمپس کے انعقاد اور متاثرین کیلئے خوارک اور جانوروں کیلئے چارہ جات کی فراہمی ، امدادی سرگرمیوں ، ریسکیو و دیگر امور سے متعلق ایکشن پلان ترتیب دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس امر کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ جن اداروں کے پاس مشنری و دیگر سازوسامان ہے و ہر صورت میں کارآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے تمام چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی کہ واٹر ڈی واٹر نگ سیٹ خصوصی طور پر چیک کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی ، اسسٹنٹ کمشنرز عائشہ یٰسین ، فضل عباس ، سید منور بخاری ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122میڈم طاہرہ خان ، محکمہ انہار ، پی ڈی ایم ا ے کے علاہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسر بھی شریک تھے ۔
وی این ایس،چنیوٹ











