بورے والا؛ کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگاری کا شکار بینڈ باجے والوں میں راشن کی تقسیم

189

بورے والا،05  جون (اے پی پی): کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگاری کا شکار بینڈ باجے والوں میں راشن کی تقسیم۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے بینڈ باجے والوں کو اپنے دفتر بلا کر راشن بیگز تقسیم کئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے دوران جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد بے روزگاری کا شکار ہیں وہاں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں بینڈ باجے بجا کر اپنا پیٹ پالنے والے اس روزگار سے منسلک افراد بھی بے روزگاری اور تنگدستی کا شکار ہیں ان کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن(ر) وقاص رشید نے بینڈ باجے کے روزگار سے وابسطہ تمام افراد کو اپنے دفتر بلا کر ان میں راشن بیگ تقسیم کئے ۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر بہت سے لوگوں کا روز گار متاثر ہوا ہے جن کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے راشن کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ  مشکل حالات میں کسی کو پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ شادیوں کی تقریبات پر پابندی کی وجہ سے بینڈ باجا بجانے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں لہذا ان کی ضروریات کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ ان کے گھروں میں چولہے جلتے رہیں اور ان کے خانداوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس موقع پر کورونا سے حفاظت اور بچاﺅ کے حوالے سے خصو صی دعا بھی کی گئی ۔

وی این ایس