ملتان؛کرونا  وبا کے باعث اقلیتی برادری کے مستحقین میں مالی امداد کے چیک  تقسیم

120

ملتان، 6 جون (اے پی پی ): کرونا  وبا کے باعث حکومت پنجاب کی طرف سے اقلیتی برادری کے مستحقین میں مالی امداد کے چیک  تقسیم  کرنے کی  تقریب ہفتہ کو  یہاں  رضا ہال ملتان میں  ہوئی ،اقلیتی برادری کے مستحقین میں 10 ہزار روپے فی کس کے حساب سے 90 چیک تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سردار مہندر پال سنگھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، ترجمان حکومت پنجاب  سبین گل، سب رجسٹرار کامران بخاری ،سرفرازکلیمنٹ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور پنجاب سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرسمس، ہولی اور گرو نانک جی کے جنم دن کے موقع پر اقلیتی برادری کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لئے سپیشل فنڈز فراہم کئے ہیں۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کورونا وائرس کے پیش نظر اقلیتوں کی مشکلات  سے آگاہ ہیں اور وہ ان کی خوشیوں کو بھی اہمیت دیتے ہیں،یہ امداد اسی سلسلہ کی کڑی  ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب آئندہ بجٹ میں تاریخی چرچ کی بحالی کے لئے 3 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر رہی ہے، وزیر اعلی پنجاب نے کورونا وائرس کے باعث اقلیتوں کی مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپےکر دی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب سبین گل نےکہا کہ کورونا کے باعث فنڈز کی  بندش کے باوجود اقلیتوں کے لیے فنڈز جاری کرائےگئے ہیں،انہوں نے کہا کہ اقلیتی  لوگ پہلے پاکستانی ہیں اور ان کے حقوق بھی برابر ہیں،حکومت پنجاب کو ان کی تکالیف کا احساس ہے اور وہ قدم بہ قدم ان کے ساتھ ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، اقلیتی برادری کے لوگ بھی ہمارے لیے محترم ہیں، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا،ریاست پاکستان ان کے حقوق کے لئے بھرپور سپورٹ فراہم کرتی رہے گی۔

وی  این ایس،  ملتان