حکومت کا گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پرپابندیاں فوری اٹھانے، درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ

153

اسلام آباد ، 7 جون (اے پی پی): وفاقی حکومت نے گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے تمام پابندیاں فوری طور پر اٹھانے اور گندم کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، گندم کی یہ درآمد نجی شعبہ کے ذریعے کی جائے گی۔ گندم کی درآمد پر عائد ڈیوٹی بھی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔ گندم اور آٹے کی بیرون ملک سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

یہ فیصلے اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں ملک بھر میں آٹے اور گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے تمام پابندیاں فوری طور پر اٹھا لی جائیں گی اور چیک پوسٹیں ختم کر دی جائیں گی ۔

اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی درآمد کی اجازت دی جائے گی اور اس حوالے سے درآمد کی مقدار پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ یہ درآمد نجی شعبے کے ذریعے کی جائے گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی درآمد پر عائد ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت گندم کی درآمد پر چھ فیصد اور اضافی دو فیصد ڈیوٹی عائد ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم اور آٹے کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنائی جائے گی۔ گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں گندم کی پیداوار ، صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی خرید، موجود اسٹاک اور ضروریات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

وی این ایس، اسلام آباد