اسلام آباد ، 7 جون (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کے حوالے سے غیر معمولی حالات ہیں،آئندہ مالی سال کا بجٹ غیر معمولی حالات میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی کی جائے اور ترقیاتی اخراجات بڑھائے جائیں۔ روزگار کے بھرپور مواقع پیدا کئے جائیں،صوبائی حکومتیں صنعتی شعبے اور زراعت کی ترقی ،غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کمی اورصحت کے شعبے کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں وفاق سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مجوزہ بجٹ برائے مالی سال 21-2020 کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی خیبر پختون خواہ محمود خان کی معاشی ٹیم نے اپنے اپنے صوبوں کے آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ کے محصولات، اخراجات اور بجٹ کے حوالے سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ترجیحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔۔
اجلاس میں وزیراعظم نے خصوصی طور پر ان منصوبوں کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرنے اور ان ترجیحات کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی جن سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت کا پہیہ بھی تیزی سے چلے،انہوں نے کہا کہ جن بڑے شہری علاقوں میں کورونا وائرس کی وباء نے برے اثرات ڈالے ہیں، ان علاقوں میں روزگار کے بھرپور مواقع پیدا کئے جائیں۔
ملکی اور صوبائی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبوں کی شراکت کو یقینی بنانے کے لئے وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نجی شعبے کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔
وزیرِ اعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ صنعتی شعبے اور زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم کو خصوصی اقتصادی زونز اور زراعت کے شعبے کے فروغ کے لئے بجٹ میں ترجیحات پر بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ وفاق کی طرز پر صوبائی حکومتیں بھی غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کمی لانے پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صحت کے شعبے کی اپ گریڈیشن پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔
اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز،وفاقی وزیر صنعت محمد حماد اظہر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود، ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید زوالفقار عباس بخاری،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت ، وزیر خزانہ خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا اورسینئر افسران شریک تھے۔
و ی این ایس،اسلام آباد











