ملکی اداروں کو لوٹنے والوں کا ہر صورت احتساب ہو گا :وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز

153

اسلام آباد ، 7 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے ملک کے اداروں کو لوٹنے والوں کا احتساب ہو گا ، عوامی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔

اتوار کو وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے  شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پرشوگر کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی ہے ، اب پیسہ بنانے والوں سے پیسہ واپس لانا ہے اور  اس کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ شوگر کے شعبے میں بڑے بڑے طاقتور لوگ ہیں اسی لئے یہ کہا جاتا رہا  کہ شوگر کمیشن کی رپورٹ کبھی سامنے نہیں آئے گی ۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ  تحریک انصاف نے احتساب کا نعرہ بلند کیا  اور اس پر پورا  اترے گی ۔ہم نے حکومت میں آنے کے بعد وعدہ کیا کہ احتساب سب کا ہوگا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے ملک میں بے پناہ مواقع موجود ہیں لیکن ماضی کے حکمرانوں نے ان مواقعوں کو اپنے ذاتی مفاد اور ذات کیلئے استعمال کیا۔انہوں   نے کہا کہ ماضی میں روایات رہی ہیں کہ کمیشن بنتے رہے لیکن رپورٹ سامنے نہیں آتی تھی۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس رپورٹ کے بعد اب شوگر کی قیمت بھی کم ہوگی، جس ریٹ سے اوپر گئی اسی پر بحال کرنا چاہتے ہیں ۔

وی این ایس ،اسلام  آباد