پشاور، 19جون(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے پشاور شہر میں رنگ روڈ پر ٹرکوں کے ذریعے گندم کو ذخیرہ کرنے کی غرض سے سمگل کئے جانیوالے دو ٹرکوں کو قبضے میں لےکر 70 ٹن گندم برآمد کرلی،کارروائی ڈی سی پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر کی گئی۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شفیق آفریدی اور محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے رنگ روڈ پر مقامی پولیس کے ہمراہ ناکہ بندی کی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ اس دوران دو ٹرکوں کے ذریعے 70 ٹن گندم کو ذخیرہ کرنے کی غرض سے سمگل کیا جا رہا تھا جس پر ضلعی انتظامیہ کے افسر شفیق آفریدی اور محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے گندم کو قبضے میں لے کر غلہ گودام بھیج دیا جہاں پر اس کی سرکاری نرخ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائیگا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی جبکہ اس کے مرتکب افراد کسی قسم کے رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اس لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کرکے مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائینگے۔
وی این ایس ، پشاور











