ملتان ، 13 جولائی (اے پی پی ): عیدالاضحی پر شہریوں کے مذہبی فرض کی ادائیگی کو سہل بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہو گئی ہے ،کمشنر شان الحق کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں 26 سیل پوائنٹس کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عید قربان ،مویشی سیل پوائنٹس عید سے 15 دن پہلے فعال کردیے جائیں گے۔ تمام عارضی سیل پوائنٹس شہری حدود سے باہر قائم کئے گئے ہیں جبکہ شہر کے داخلی، خارجی راستوں پر جانوروں کیلئے چیچڑ سپرے پوائنٹ قائم کئے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر شان الحق کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر سخت پابندی عائد ہوگی ،کسی شہری کو ماسک کے بغیر سروس فراہم نہیں کی جائے گی اور بزرگ افراد اور بچوں کو منڈیوں میں لانے پر بھی پابندی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت،میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ ادارے مویشی منڈیوں میں کیمپ لگائیں گے،شہری مویشی منڈی میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں۔ مویشی منڈی میں دستانے اور ماسک کا استعمال لازم ہوگااور منڈی کی حدود میں کھانے پینے کے سٹال لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔
وی این ایس ، ملتان











