ملتان میں جنوبی  پنجاب  سول سیکرٹریٹ بننے سے 30 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی: سیکرٹری اطلا عات پنجاب  ندیم قریشی

234

ملتان، 19 جولائی (اے پی پی ):ترجمان برائے وزیراعلیٰ پنجاب و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلا عات و ثقافت محمد ندیم قریشی نےکہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے دل ملتان میں سول سیکرٹریٹ بننے سے اس خطہ کے 30 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز  پاکستان تحریک انصاف  سٹی کے نائب صدر عبدالوہاب خان کی رہائش پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے  کہا کہ  ماضی میں جان بوجھ کر اس علاقہ کو پسماندہ رکھا گیا،جس کی وجہ سے لوگوں میں احساس محرومی پیدا ہوا،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سول سیکرٹریٹ کے قیام سے اس خطہ میں نئی روح پھونکی ہے،عوام کے مسائل اب اس خطہ میں ہی حل ہوں گے،اب کسی کو لاہور کے دھکے نہیں کھانا پڑیں گے۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلا عات و ثقافت محمد ندیم قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ بننے سے یہاں کے عوام کو ریلیف ملے گا، ہمارے مسائل موقع پر حل ہونگے،افسران ان کی خدمت کے لئے حاضر ہوں گے۔انہوں نےکہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کو ہم سابقہ حکومتوں کی طرح  سیاسی نعرہ نہیں بنائیں گے بلکہ اسے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے،ہم دعوؤں کے بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں،پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منشور پر من وعن عمل کرکے جنوبی پنجاب صوبہ کی بنیاد رکھ دی ہے،سیکرٹریٹ کا قیام اس کی پہلی کڑی ہے،ہم اس دیرینہ مطالبہ کے پورا ہونے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں،ہم نعروں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔

محمد ندیم قریشی نے کہا کہ سیکرٹریٹ کے قیام سے قبل ہم نے صوبائی بجٹ کا 35 فیصد حصہ جنوبی پنجاب کے لئے مختص کرایا، پہلے یہ فنڈز اپر پنجاب پر خرچ کر دئیے جاتے تھے،اب یہ فنڈز ٹرانسفر بھی نہیں ہو سکیں گے اور اس خطہ کا پیسہ اب اس خطہ پر ہی لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد بھی اس خطہ کی تعمیر وترقی کے لیے پلاننگ کر رکھی ہے اور ہم عوام کو خوش خبریاں سناتے رہیں گے،اس خطہ کی محرومیاں ختم کرنے کا وقت اب آگیا ہے،ہم نےماضی میں بہت نا انصافیاں برداشت کیں ہیں،ہمارے استحصال کا وقت اب گزر چکا ہے۔اب ہم حقیقی ترقی و خوشحالی کی طرف بے بڑھیں گے۔ہم بلا تفریق اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنی عوام کا معیار زندگی بہتر سے بہتر بنائیں گے،ہمارے تمام اراکین پارلیمنٹ ایک پیچ پر ہیں،ہم اپنی عوام کو اس کا حق دلاتے رہیں گے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی کو جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے خدمات پر انہیں فرزند ملتان کا  خطاب دیا اور انہیں ان کا پورٹریٹ بھی پیش کیا۔

وی  این ایس ،   ملتان