پشاور21 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل تمام منصوبوں کی تین مہینوں کے اندر اندر متعلقہ فورمز سے باضابطہ منظوری کو یقینی بنایا جائے متعلقہ وزراءاس سلسلے میں اپنے محکموں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ ٹھیک ایک مہینے بعد وہ خود اس سلسلے میں تمام محکموں کی انفرادی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے تمام کابینہ ممبران کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے محکموں کی دو سالہ کارکردگی کے بارے میں میڈیا کے توسط سے عوام کو آگاہ رکھنے کے لئے پریس کانفرنس منعقد کرےں۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام محکموں کے لئے پریس کانفرنس کا شیڈول جاری کرے۔ انہوں نے کابینہ ممبران کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اسمبلی اجلاس میں اپنی بھر پورحاضریوں کو ہر صورت یقینی بنائےں۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کے رو زمنعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ کابینہ ممبران کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادراور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ گندم کی خریداری کا مقررہ ہدف حاصل نہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو اس کی وجوہات کے بارے میں کابینہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ موجودہ صورتحال میں فوڈ سیکیورٹی کو حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو آنے والے دنوں میں صوبے کو گندم کی پیداوار میں خود کفیل بنانے اور فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے جامع پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پشاور میں ٹریفک منیجمنٹ پلان کے علاوہ ٹریفک ریگولیٹری پولیس، فارسٹ گارڈزاور منرل گارڈز بھرتی کرنے پر بھی ہوم ورک کرنے کی ہدایت کی۔
وی این ایس، پشاور











