پشاور، 22جولائی(اے پی پی): وزیراعلی کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے فضائی آلودگی بتانے والا آلہ ائیر کوالٹی ہیلتھ انڈکس سسٹم پشاور میں 8 مقامات پر نصب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں چیف سیکرٹری آفس سول سیکرٹریٹ، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ سول سیکرٹریٹ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ آفس، گل بہار پشاور، حاجی کیمپ پشاور، پارڈ پشاور، ایس آئی ڈی بی کوہاٹ روڈ اور خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں نصب کیا گیا ہے۔
ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ ائیر کوالٹی ہیلتھ انڈکس سسٹم ائیر کوالٹی سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے اور یہ آلودگی کے اثرات کو سمجھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا جسے ڈائریکٹریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے تیار کیا ہے ۔
ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ یہ انڈکس ان لوگوں کے لیے اہم ہے جو فضائی آلودگی سے متعلق حساس ہیں، انھیں یہ مشورہ فراہم کرتا ہے کہ کم اعتدال پسند اور بہت ذیادہ صحت سے متاثرہ خطرات سے وابستہ ہوا کے معیار کے دوران ان کی صحت کی حفاظت کیسے کی جائے، ائیر کوالٹی ہیلتھ انڈکس فضائی آلودگی کے لیے دس سنگین اعشاریہ بتاتا ہے۔
ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ ائیر کوالٹی ہیلتھ انڈکس ڈوائیسز کی تنصیب سے ہانگ کانگ اور کینڈا کے بعد پشاور ائیر کوالٹی ہیلتھ انڈکس مانیٹرنگ سٹیشن رکھنے والا دنیا کا تیسرا مقام ہے جبکہ یہ ایپ جلد پلے سٹور پر اپلوڈ کی جائے گی جس کے بعد عوام براہ راست یہ معلومات ایپ کے زریعے براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
وی این ایس ، پشاور











