خیرپور،23 جولائی(اے پی پی ) :ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی نے کہا ہے کہ عیدالضحیٰ اور محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخاق پر مکمل عملدرآمد کے ساتھ سکیورٹی انتظامات بہتر کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماءحضرات کاہمیشہ مثبت اور اہم کردار رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خیرپور نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علماء سے مخاطب ہو کر کہا کہ عید نماز کے دوران حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے عوام کو قائل کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماسک اور سینیٹائیزرز کے فراہمی کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔
اس موقع پر رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل عمران حیدر نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، اس سلسلے میں رینجرز اور پولیس نے پہلے سے سنیپ چیکنگ سمیت تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
اجلاس میں ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے کہا کہ ہمارے جوان ہر وقت الرٹ ہیں ہم دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے، اس حوالے سے ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کئے گئے ہیں۔شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
وی این ایس،خیرپور











