پنجاب میں کرونا وبا کے پیش نظر فنی تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بغیر امتحانات اگلی کلاسوں میں ترقی کی پالیسی منظور

145

لاہور،24 جولائی (اے پی پی):  صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرونا وبا کے پیش نظر فنی تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بغیر امتحانات اگلی کلاسوں میں ترقی کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔

 کنسلٹنٹ عثمان خان نے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انسٹی ٹیوشنل ڈویلپمنٹ پلان کے بارے بریفنگ دی جبکہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا مقصد فنی تعلیم کے اداروں کو ایک چھتری تلے لانا ہے۔اس ریگولیٹر ادارے کے قیام کے مقصد کے حصول کے لئے اسے مکمل فعال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے قیام کے ثمرات عوام کو ملنے چاہئیں، بورڈ کااجلاس جلد بلاکرادارے کوپوری طرح متحرک کیا جائے گا،غربت اور بے روزگاری کے مسائل پر قابو پانے کیلئے فنی تعلیم کافروغ ضروری ہے۔صوبے میں بننے والے 13سپشل اکنامک زونز میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے،ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو انڈسٹری کی ضروریات کےمطابق فنی تربیت فراہم کی جائے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق جدید  کورسز تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہزاروں ایکڑ اراضی پر خصوصی اقتصادی زونز بن رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے خطے میں معاشی و اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور خطے کی تقدیر بدلے گی کرونا وبا کے بعد کی صورتحال اور سپشل اکنامک زونز کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے –

انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت اور اسکی کھپت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کے لئے سنٹرل ڈیٹا بیس ہونا چاہیے ہمیں مزید وقت ضائع کئے بغیر تیزرفتاری سے آگے بڑھناہے۔

وی این ایس،لاہور