مظفرگڑھ،24 جولائی (اے پی پی ): چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت ڈاکٹر فیاض کریم لغاری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پانچ سال سے کم عمر بچوں میں متعدی بیماریوں سے تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے ڈاکٹر فیاض کریم لغاری کا کہناتھا کہ ڈپٹی ڈی ایچ اوز ،ڈی ایس وی اے ایس ویز اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو موثر بنائیں اور ویکسین کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ضلع میں ویکسین سے محروم رہ جائے والے بچوں تک رسائی کو ممکن بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈاکٹر اقبال مکول ڈی ایچ او نے ای پی آئی کی ماہانہ کارکردگی اور خامیوں کا جائزہ پیش کیا، انہوں نے ڈپٹی ڈی ایچ او اور اے ایس ویز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے۔
ڈاکٹرعمار شاہ کی سربراہی میں ڈبلیو ایچ او کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور حالیہ پولیو کیس اور کیس رسپانس کے بارہ میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مربوط حکمت عملی کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر مہر اقبال ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عبدالرؤف ڈاکٹر عادل لغاری تمام تحصیل کے ڈپٹی ڈی ایچ اوز دیہی مراکز صحت کے ایس ایم اوز عدنان لغاری میڈیا کوآرڈینیٹر اور ویکسینیشن سپروائزرز نے شرکت کی۔
وی این ایس ،مظفرگڑھ











