جی سیون اور جی ایٹ انڈر پاس اگست یا ستمبر تک  عوام کیلئے کھول دیا جائے گا؛علی نواز اعوان

91

اسلام آباد ، 29 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے ا مور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ جی سیون اور جی ایٹ انڈر پاس اگست یا ستمبر کے شروع میں عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، راول ڈیم کی طرف جو مسائل آتے تھے وہ بھی حل ہوجائیں گے، ماسٹر پلان پر مزید کام ہو رہا ہے، اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے جی 7 اور جی 8 انڈر پاس کے جاری ترقیاتی کام کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے بدھ کو جی سیون اور جی ایٹ انڈر پاس کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے کام کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ایک سال کے کم عرصے میں جی 7 اور جی 8 انڈر پاس تیار کیا، انڈر پاس اگست یا ستمبر کے شروع میں عوام کیلئے کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انڈر پاس کھولنے سے یہاں پر جو روزانہ ٹریفک کا رش ہوتا ہے وہ کم ہوگا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کورنگ بریج پہ بھی کام شروع کر دیاگیاہے وہ بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راول ڈیم کی طرف جو مسائل آتے تھے وہ بھی حل ہوجائیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اسلام آباد کو ڈائریکٹ فنڈنگ نہیں ملتی، پی ایس ڈی پی میں ہی فنڈنگ دی جاتی ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر مزید کام ہورہا ہے، اسلام آباد کا پہلا ماسٹر پلان 6 لاکھ لوگوں کے لئے بنایا گیا تھا لیکن اب وفاقی دارالحکومت کی آباد 22 لاکھ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ماسٹر پلان پر کام رہتا ہے کیونکہ ہم سے پہلے کسی نے اس پر تو کام شروع ہی نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگوں کیلئے پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد