چاغی،29جولائی(اے پی پی):ایرانی حکام نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی درخواست پر جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان سے تعلق رکھنے والے 14 سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرکے تفتان سرحد پر پاکستانی حکام کے حوالے کردیا۔
ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیر زمان نے قومی خبر رساں ایجنسی “اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے اس اہم پیشرفت کی تصدیق کی اور بتایا کہ ایران سے رہا کرکے وطن واپس بھیجے جانے والے پاکستانی شہریوں کی یہ پہلی کھیپ ہے۔ آغا شیر زمان کے مطابق مذکورہ افراد کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں سے ہے جو مختلف نوعیت کے مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر گزشتہ کچھ سالوں سے ایران میں مقید تھے، ان کے مطابق ایرانی جیل سے رہا ہونے والوں میں وزیر احمد، غلام رسول، خالقداد، عبدالرشید، عبدالنبی، عمران، نسیم اختر، عبدالحکیم، الٰہی بخش، راشد بھٹی، علی، عبدالرشید، عبدالستار اور سید سعید احمد شامل ہیں۔
تفتان سرحد پر متعین لیویز حکام کے مطابق مذکورہ افراد کو ایف آئی اے امیگریشن میں آمد کے بعد آئی جی جیل خانہ جات کی ٹیم کے حوالے کیا گیا جنہیں نوشکی ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان افراد کو کوئٹہ سینٹرل جیل منتقل کیا جائے گا جس کے بعد متعلقہ حکام ان کے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔
اے پی پی/ علی رضا/ حامد











