ملتان ، 29 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور سی پی او محمدحسن رضا خان کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی،کورونا وائرس ایس اوپیز،سمارٹ لاک ڈاؤن اور صفائی کے حوالے سے سرکٹ ہاؤس میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور ممبران امن کمیٹی نے بھرپور شرکت کی جب کہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ علمائے کرام نماز عید کے موقع پر کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل کریں گے۔علمائے کرام عید اور جمعہ کے خطبات میں عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ بارے تلقین کریں۔انہوں نے کہا کہ نمازی گھر سے وضو کرکے اور ماسک لگا کر مساجد میں آئیں،نماز عید کے لئے کھلے گراؤنڈز اور مساجد کے صحن کا انتخاب کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو گزشتہ عید سے بھی بہتر انتظامات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔عید کے ایام میں شہر میں صفائی کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔
سی پی او محمد حسن رضا خان نے کہا کہ عید کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ملک میں کورونا وائرس کا گراف نیچے جارہا ہے،کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ کے لئے علماء کا تعاون ناگزیرہے۔علماء بیان،خطبہ اور دعاکادورانیہ20 منٹ سے کم رکھیں، تاجروں کے تعاون سے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل جاری ہے۔
سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان نے کہا کہ آلائشیں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لئے منظم پلان تیار کیا گیا ہے،اس عید پر ڈور ٹو ڈور آلائشیں اٹھانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔کمپنی ورکرز گھروں کی دہلیز سے جانوروں کی آلائش اٹھائیں گے۔
اس موقع پرعلمائے کرام نے انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی جب کہ علمائے کرام اور ممبران امن کمیٹی نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کی بھر پور تعریف کی اور عید کے موقع پر صفائی بارے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔
اے پی پی /ملتان/حامد











