لاہور،3 اگست(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 9 اگست کو صوبہ بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے بھرپور طریقے سے منائے گی،ٹائیگرز فورس ڈے پر پنجاب بھر میں شجر کاری مہم کے تحت لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائیگرز فورس ڈے پر شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے کے حوالے سے ہونے والی تقریبات کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پورے صوبے میں 520 تقریبات منعقد ہوں گی اور 12 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر پنجاب کو سرسبزبنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہروں میں اربن فاریسٹری کے تحت بھی پودے لگائے جائیں گے، صوبائی وزراء اور منتخب نمائندے ٹائیگرز فورس ڈے پر مختلف شہروں میں پودے لگائیں گے، عوامی نمائندے ٹائیگرز فورس ڈے پر پودے لگانے کی تقریبات میں بھرپور حصہ لیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم اپنی نسلوں کو بہترین اور صاف ماحول دینے کے مشن پر گامزن ہیں،سابق دور میں نمائشی منصوبوں کی آڑ میں درختوں کو بے دردی سے کاٹا گیا، درختوں کی کٹائی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء تک وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سیالکوٹ میں نیاجنگل بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے نو جوان عوام کی خدمت کیلئے وزیراعظم عمران خان کے رضا کار ہیں ، ٹائیگر فورس کے نوجوان بڑھ چڑھ کر عوامی خدمت کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار، صوبائی وزیر محمد اخلاق،چیف سیکرٹری، سیکرٹری جنگلات، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے شرکت کی۔
اے پی پی /لاہور/حامد











