بورے والا، 04 اگست(اے پی پی): آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کی قیادت میں آج ضلع بھر میں یوم شہداء پولیس پورے عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس حوالے سے مرکزی تقریب پولیس لائن وہاڑی میں یادگار شہداء پر منعقد ہوئی جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر سلامی پیش کی اور شہداء کی روحوں کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
تقریب کے دوران ڈی پی او وہاڑی سمیت تمام پولیس ملازمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک وقوم کی حفاظت کیلئے ہر مشکل کا سامنا کریں گے ،عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے دشمن کے سماج دشمن عناصر کے ارادوں کو خاک میں ملا دیں گے۔
بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان شہداء کے گھر بھی گئے اور ان کے بچوں سے ملے اور انہیں پھولوں کے گلدستے اور مٹھائی تقسیم کی۔
اس دوران ڈی پی او وہاڑی نے وہاڑی پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو سراہا اور شہداء کی فیملیز کو باور کروایا گیا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہم آج معاشرہ میں پر سکون اور خوشگوارزندگی گزار رہے ہیں ،ہمیں وہاڑی پولیس کے شہداء پر فخر ہے۔
وی این ایس، بورے والا











