کوہلو، 05 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کوہلو عبداللہ کھوسہ کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈی پیک کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر گہنور خان مری نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی، اجلاس میں پولیو آفیسر ڈاکٹر شاہ زمان حسنی، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر عطاء اللہ مری، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی غلام رسول کھیتران سمیت ضلعی انتظامیہ کے آفیسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کوہلو عبداللہ کھوسہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کا قیام پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا،بلوچستان میں پولیو وائرس سے نمٹنا ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلیے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اس سے بلوچستان کا وقاراورقوم کے معماروں کا مستقبل وابستہ ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، بلوچستان سے ہر حال میں پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، پولیو کی وجہ سے ہمارے بچے مستقل طور پر معذور ہو رہے ہیں اور ہمارا مستقبل خطرے میں ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ایک ناسور ہے اس موذی مرض کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،پولیو مہم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، پولیو جیسے ناسور مرض کا خاتمہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سلسلے میں عوام کا تعاون بہت ضروری ہے اور پولیو کے سلسلے میں عوام میں شعور اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے میں علماء، سول سوسائٹی اور میڈیا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے حکومتی سطح پر بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بلوچستان کو بہت جلد پولیو فری صوبہ بنائیں گے۔
اے پی پی /کوہلو/حامد











