لاہور، 11اگست (اے پی پی): وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان کی نیب پیشی پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ بیگم صفدر اعوان کی جلوس کے ساتھ نیب حاضری “نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی” کے مترادف ہے۔ بیگم صفدر اعوان کا دعویٰ تھا کہ انکی لندن تو کیا، پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔ آج سینکڑوں کنال اراضی کی رجسٹریاں اور ملکیتی کاغذات انکا منہ چڑا رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بیگم صفدر اعوان شرمندگی، انکساری اور عاجزی کے ساتھ نیب پیش ہوتیں، لیکن ان کی چوری کے اوپر سینہ زوری، ڈھٹائی اور جرات کو سلام ہے۔ لیگی کارکنان “جنج ٹر پئی واجیاں نال میں لڈیاں پاواں” کے مصداق بھنگڑے ڈال رہے تھے۔ لیگی قائدین اپنے کارکنان کو بتائیں کہ یہ ذلت، کرپشن، جگ ہنسائی اور لوٹ مار کی جنج تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان جلسے جلوسوں کے زور پر شریف خاندان اور لیگی قائدین احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
وی این ایس ، لاہور











