ترقی کے سفر کوخوشگوار بنانا پاکستان اور بین الپارلیمانی یونین کا مشترکہ ایجنڈا ہے؛چیئرمین سینیٹ

126

اسلام آباد، 24 اگست (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بین الپارلیمانی یونین ایک اہم تنظیم ہے، بین الپارلیمانی یونین رکن ممالک کو مسائل کے حل کیلئے ڈائیلاگ کا راستہ فراہم کرتی ہے، پاکستان امن وترقی اورتنازعات کے حل کیلئے ڈائیلاگ کو اہم سمجھتا ہے، پاکستان خطے اور علاقائی امن کیلئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کوئیوس بیرن سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان امن وترقی اورتنازعات کے حل کیلئے ڈائیلاگ کو اہم سمجھتا ہے۔ بین الپارلیمانی یونین رکن ممالک کو مسائل کے حل کیلئے ڈائیلاگ کا راستہ فراہم کرتی ہے۔ پاکستان خطے اور علاقائی امن کیلئے کوشاں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر دیں گی۔ ترقی کے سفر کوخوشگوار بنانا پاکستان اور بین الپارلیمانی یونین کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ موجودہ حالات زیادہ رابط کاری کیلئے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس وبا نے پارلیمانی سفارتکاری کو آگے بڑھانے کے راستے میں بھی روکاٹیں کھڑی کی ہیں۔ بین الپارلیمانی یونین روابط کا سلسلہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو ا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ادارہ جاتی معاونت کو آگے بڑھانا ہوگا۔ بین الپارلیمانی یونین کی130 سالہ تاریخ جدوجہد کی ایک تاریخ ہے۔

 چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر کو آئی پی یو کے 130 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ آئی پی یو کی صدر نے چیئر مین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الپارلیمانی یونین کا ایک اہم، فعال اور موثر رکن ہے۔