پشاور، 26اگست(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان برادر اسلامی ملک ہیں اور دونوں ممالک کے عوام مذہبی ،ثقافتی اور نسلی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل نجیب ﷲ احمد زئی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے افغان قونصل جنرل کو بتایا کہ افغانستان کے ساتھ دو طرفہ ثقافتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں کیونکہ جغرافیائی حیثیت کے باعث افغانستان میں امن پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
ملاقات کے دوران افغان قونصل جنرل نے گزشتہ کئی سالوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کرنے پر حکومت پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کیا۔











