کوئٹہ،28اگست (اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق امور اور تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے میکنزم کا جائزہ لیتے ہوئے اس متعلق بعض فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں محکمہ صحت اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ اور کورونا سے متاثرہ افراد کے متعلقین کی ٹریکنگ اور ٹریسنگ کے طریقہ کار کو مزید موثر اور مربوط بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے دفاتر، دکانوں اور ہوٹلوں میں کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے سوالنامہ تیار کرکے ان مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی تاکہ جانچا جاسکے کہ عوامی مقامات پر کس حد تک ایس او پیز کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔
اجلاس میں پرائمری سطح سے ہائر ایجوکیشن تک تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق امور کا ہر پہلو سے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے اجلاس میں شریک پبلک ہیلتھ ماہرین اور سینئر ڈاکٹروں سے ان کی رائے لی گئی جس کے تحت بچوں اور اساتذہ کو ہر ممکن حد تک کورونا وائرس کے اثرات سے محفوظ رکھاجاسکے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔











