مری ، 30اگست(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح ملکہء کوہسار مری میں بھی یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا اس موقع پر مختلف مقامات سے علم تعزیے اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے، سب سے بڑا جلوس مرکزی قدیمی امام بارگاہ تحصیل روڈ سے بر آمد ہوا جو لوئر بازار صدیق چوک سے ہوتا ہوا مال روڈ پہنچا۔
علماء نے شرکاء جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کے میدان میں امام عالی مقام نے جام شہادت نوش کر کے رہتی دنیا تک یہ مثال قائم کر دی کہ اسلام کبھی بھی باطل کے آگے سرنگوں نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک بڑا معرکہ تھا ، آج بھی امت مسلمہ متحد ہو کر کفر کی سازشوں کا مقابلہ کرے تو اسلام سر بلند ہو گا۔
بعد ازاں شرکاء جلوس سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے مال روڈ و مرحبا چوک سے ہوتے ہوئےامام بارگاہ پہنچے ، اس موقع پر خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور جگہ جگہ مشروبات کی سبیلیں لگائی گئی تھی۔
امن وامان کے پیش نظر جلوس کے راستوں اور جی پی چوک پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، جی پی او چوک کو چاروں طرف سے سیل کر دیا گیا تھا جہاں شہریوں اور سیاحوں کا داخلہ ممنوع تھا جبکہ جلوس کے راستوں کے تمام بازار بند کر دیے گئے تھے۔











