پشاو:صوبائی مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کا پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز کا دورہ

88

پشاور، 31اگست(اے پی پی): مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے پیر کو یہاں فیڈرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ریجنل آفس پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز پشاور کا دورہ کیا اور ریجنل آفس پشاور میں قائم ورکشاپ کا معائنہ کیا۔

صوبائی آفس کے عملے نے ضیاء اللہ بنگش کو ورکشاپ میں موجود مشینری کے حوالے سے بریفنگ دی جو کہ تقریبا پینتیس سال پہلے ہائیڈرو پاور ٹربائن کی مینوفیکچرنگ کے لئے لگائی گئی تھی۔

ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ اس ورکشاپ کو فعال بنانے اور اس کو صوبائی سطح پر الٹرا لائٹ ائیرکرافٹ اور ہیلی کاپٹرز بنانے کے لیے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ ورکشاپ میں تمام تر سہولیات اور مشینری موجود ہے جس کو استعمال میں لا کر وفاقی اور صوبائی حکومت باہمی اشتراک سے ائیرکرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی مینوفیکچرنگ کا عمل شروع کر سکتی ہے۔

 ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ اس منصوبے کے شروع کرنے سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے اور فارغ التحصیل انجینئرز اور ریسرچرز کو انٹرنشپ بھی دی جائیں گی جبکہ صوبائی سطح پر تیار ائیرکرافٹس اور ہیلی کاپٹرز کو ریسکیو، ریلیف اورسیاحت کے مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ آپ کو فعال بنانے اور اس میں ائیرکرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی مینوفیکچرنگ کے لیے یہ ورکشاپ کچھ یوم قبل نامذد کیے گئے، قاضی سجاد کے حوالے کی جائے گی تاکہ وہ ائیرکرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر کام کر سکیں، اسطرح قاضی سجاد کے تجربات سے استفادہ حاصل کر کے اس ورکشاپ میں پروڈکشن کا عمل بھی جلد شروع کردیا جائے گا۔

اس موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مختیار خان بھی ضیاء اللہ بنگش کے ہمراہ تھے۔