گھوٹکی، یکم اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد خالد سلیم نے قادرپور شینک بند، قادرپور لوپ بند اور او جی ڈی سی ایل حفاظتی بند کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے دن بدن دریا کے پانی میں اضافہ ہورہا ہے اس لئے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حساس حفاظتی بندوں کی خصوصی طور پر نگرانی کی جائے جبکہ مرمتی کام کی رفتار اور معیار کو بہتر بنایا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ڈائریکٹر سیڈا کو ہدایت کی کہ حساس حفاظتی بندوں کی 24 گھنٹے نگرانی کرنے کے لئے محکمہ آبپاشی کے عملداروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور جہاں پر دریا کے پانی کا دباؤ زیادہ ہے وہاں پر مزید پتھر لگائے جائیں تاکہ حفاظتی بند مضبوط ہوسکیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر آگہی فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے تمام تر حفاظتی انتطامات مکمل کئے جائیں اس سلسلے میں غیرفعال مشینری کو فوری طور پرفعال کیا جائے۔
اس موقع پر ڈی سی گھوٹکی کو ڈائریکٹر سیڈا نے قادرپور شینک بند، قادرپور لوپ بند اور او جی ڈی سی ایل حفاظتی بند کے متعلق بریفنگ دی۔











