گھوٹکی؛ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دینے والوں  کی  اعزاز   میں   تقریب  کا   انعقاد

78

گھوٹکی،02 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم کی جانب سے ضلع میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز، اسسٹنٹ کمشنرز و متعلقہ افسران و عملے کے اعزاز میں محسن گھوٹکی کے عنوان سے کاؤنسل ہال میرپور ماتھیلو میں پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایم این اے سردار محمد بخش مہر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے کورونا وائرس کے دوران گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں جن کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ڈاکٹرز و عملے کو حسن کاکردگی سرٹیفکیٹ اور ڈسکاؤنٹ کارڈ فراہم کرنا احسن اقدام ہے جس سے ان کی حوصلا افزائی ہوگی اور وہ مزید جذبے و لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جو ڈاکٹرز، افسران یا ملازمین فرنٹ لائین پر رہے وہ گھوٹکی کے محسن ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگاکر کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا اور بہترین انتظامات کیے۔

  انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد و سکھر کے بعد سندھ بھر میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ گھوٹکی ضلع میں کئے گئے کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع بھی گھوٹکی سے پیچھے رہے ہیں یہ سارا کریڈٹ محکمہ صحت کی ٹیموں کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کے بعد کورونا کو محدود کردیا یہی وجہ ہے کہ ضلع میں کل 3363 کیس رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 3292 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں اور وائرس کا تناسب ایک سے دو فیصد تک رہ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا اور موبائل پیغامات کے ذریعے کورونا کے خلاف بھرپور مہم چلائی جس سے عام لوگوں میں کافی حد تک شعور بیدار ہوگیا اور وہ احتیاطی تدابیر اپنانے لگے۔

تقریب کے دوران ایم این اے سردار محمد بخش خان مہر اور ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کے دوران فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹر، متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمیں میں حسن کاکردگی سرٹیفکیٹ اور ڈسکاؤنٹ کارڈ تقسیم کئے۔

 یاد رہے کہ ڈی سی ڈسکاؤنٹ کارڈ کے تحت ضلع کے 40 سے زائد مخصوص دوکان اور ہوٹل وغیرہ  سے خریداری پر ڈاکٹرز و دیگر کو 5 سے 25 فیصد تک رعایت کی سہولت فراہم کریں گے۔

 تقریب کے اختتام پر ایم این اے اور ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی کمپلیکس کے احاطے میں پودے لگائے۔