گلگت، 02ستمبر(اے پی پی) :ضلع دیامر کے دور افتادہ علاقہ داریل کھنبری میں حالیہ بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے واٹر چینلز اور رابطہ سڑکیں تباہ ہوگئیں ۔
تفصیلات کے مطابق کھنبری سدیل نالہ اور چیتھر تھانہ کے حدود میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے دریائے کھنبری رک گیا اور دو مصنوعی جھلیں بن گئیں ہیں، جس کے نتیجے میں کھنبری ویلی روڈ کا ڈیڑھ کلومیٹر حصہ مکمل طور پر زیر آب آگیا ہے اور وادی کا چلاس شہر اور تحصیل داریل سے رابطہ منقطع ہوکر رہ گیا ہے۔
سیلاب اور بارش سے کھنبری ویلی کے لوگوں کو سخت مالی نقصان کا سامنا ہے،علاقے میں سیلابی صورت کی وجہ سے لوگوں کی کھڑی فصلیں ،باغات اور مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ کھنبری کی عوام نے پاک فوج سے مدد کی اپیل کی ہے جبکہ گلگت بلتستان حکومت کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ بھی متحرک ہوچکی ہے۔
بارشوں کی وجہ سے گلگت پنڈی سڑک جلکھٹ کے مقام پر ہر قسم کی آمدورفت کے لئے بند ہوگئی ہے جس کو کھولنے کے لئے این ایچ اے کی مشینری روانہ کر دی گئی ہے۔ان بارشوں کی وجہ سے گلگت نلتر سڑک،گلگت سکردو شاہراہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے۔جبکہ دریائے گلگت میں شدید تغیانی کی وجہ سے گلگت کے نشیبی علاقے سکارکوئی کھاری،بسین کھاری،بارگو تیھنگی کے کئی گھر اور کھڑی فصلیں زیر آب آگئے ہیں۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔











