وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد  کی  ملاقات

141

کوئٹہ، 02ستمبر ( اے پی پی ) :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد کی ہونے والی ملاقات کے دوران سی ای او کیسکو نے زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی کی فوری بحالی اور چھ گھنٹہ بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی پر جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملاقات  کے   موقع پر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی کی سربراہی میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں، سیکریٹری محکمہ توانائی، سی ای او کیسکو اور دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی زمینداروں اور کیسکو کے مابین اعتماد کی بحالی، زرعی ٹیوب ویلوں کے بلوں کی ادائیگی اور کیسکو کے واجبات، بجلی کے میٹروں کی تنصیب، زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سمیت دیگر متعلقہ امور پر سفارشات تیار کرے گی اور کمیٹی کا پہلا اجلاس 4ستمبر بروز جمعہ منعقد ہوگا۔

ملاقات کے دوران زمیندار ایکشن کمیٹی، کیسکو حکام اور محکمہ توانائی کی جانب سے زرعی ٹیوب ویلوں کو بجلی کی فراہمی، بلوں کی ادائیگی اور کیسکو واجبات کے حوالے سے اپنا اپنا موقف پیش کیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلا قدم زمینداروں اور کیسکو کے درمیان اعتماد کی بحالی ہے جس سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بجلی کا مسئلہ حساس اور سنجیدہ ہے جسے اسلام آباد میں بیٹھ کر سمجھا نہیں جاسکتا، انہوں نے کہا کہ کیسکو اور زمینداروں کے درمیان اعتماد کی بحالی اور دونوں جانب سے قدم آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، بجلی کی بندش اور احتجاج مسئلے کا حل نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتیں اپنا فائدہ اور نقصان نہیں دیکھتیں بلکہ عوام کی سہولت کے مطابق منصوبے بناتی ہیں، عام آدمی کی فلاح وبہبود ریاست کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع صوبہ ہے جہاں ذرائع مواصلات کی سہولتوں کی کمی ہے جس سے زمینداروں، مائن اونرز اور عام آدمی کو نقصان پہنچتا ہے، بلوچستان کی بڑی آبادی کا ذریعہ معاش زراعت اور لائیواسٹاک سے وابستہ ہے تاہم بجلی اور مواصالات کی سہولتوں کی عدم دستیابی سے یہ شعبے ترقی نہیں کرسکتے۔

وزیراعلیٰ نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال کی بہتری،کیسکو سے وابستہ دیرینہ مسائل کے حل اور زمینداروں اور کیسکو کے مابین اعتماد کی بحالی کے لئے ابتدائی دوماہ میں کیسکو زرعی ٹیوب ویلوں کو پوری وولٹیج کے ساتھ چھ سے دس گھنٹے بجلی فراہم کرے، زرعی ٹیوب ویلوں پر میٹر نصب کئے جائیں اور زمیندار اپنے ذمہ کے بل باقاعدگی سے ادا کریں جس کے بعد اس طریقہ کار کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت زمینداروں اور کیسکو کے مابین مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی، وولٹیج کی بہتری اور زرعی شعبہ کو بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لئے وفاقی اسد عمر اور عمر ایوب سے بات کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے آغاز کا جائزہ لے گی جبکہ وفاقی حکومت سے بھی اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کے آغاز کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی، اراکین صوبائی اسمبلی میر نصیرشاہوانی، میر ذابد ریکی، سیکریٹری محکمہ توانائی، چیف ایگزیکٹیو کیسکو اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔