پی ٹی  آئی  لیڈر حلیم عادل شیخ میرپورخاص پہنچ گئے،  بارش  سے  متاثرہ  علاقوں  کی صورتحال  کا   جائزہ  لیا

94

میرپورخاص، 02ستمبر ( اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اندرون سندھ کے مختلف علاقوں  کے   دو روزہ دورے پر میرپورخاص پہنچ گئے ، جہاں  انہوں نے   برسات سے   متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب سے ملاقاتیں کر کے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ حلیم عادل شیخ میرپورخاص سے سندھڑی، ہنگورنو  بھی  گئے  جہاں گھر ڈوب جانے  کے  باعث سڑک کے کناروں پر رہائش پذیر خاندانوں میں ٹینٹ و دیگر سامان تقسیم کیا۔

 پی ٹی آئی رہنما نے   کھپرو   کے  بارش سے متاثرہ علاقوں، سیونجی روڈ، سول اسپتال، میرپورخاص روڈ، سانگھڑروڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کر کے شہریوں سے ملاقات کیں۔ مختلف مقامات پر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ کراچی اورڈیفنس نہیں یہاں آکر معلوم ہوا کہ آدھا سندھ ڈوبا ہوا ہے، سندھ حکومت نے کئی علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے لیکن تاحال کوئی امدادی سرگرمیاں شروع نہیں کی گئیں ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں خاندان سڑکوں پر بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے وڈیروں نے اپنی زمینیں بچانے کے خاطر غریبوں کے کئی گائوں کو ڈبو دیا ہے۔

انہوں نے    کہا کہ  سندھ حکومت کی جانب سے ملنے والی تھوڑی سی امداد اپنی پارٹی کے لوگوں کو دی جارہی ہے، آج میں نے دورہ کر کے شفارشات تیار کی ہیں  جو  وزیر اعظم  کو پیش کی جائیں  گی  ۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا سندھ حکومت کے رحم و کرم پر سندھ کی عوام کو نہیں چھوڑیں گے۔ سندھ حکومت کے پاس وسائل موجود ہیں لیکن عوام کی مدد نہیں کی جارہی ہے۔ لاکھوں خاندان میرپورخاص۔ کھپرو۔ عمرکوٹ سانگھڑ کی سڑکوں پر بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔ وفاقی حکومت سندھ کی عوام کی ہر ممکن مدد کرے گی۔