پشاور، 3 ستمبر (اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل کی زیر صدارت ٹریفک لائن باچا خان چوک میں ڈسپلن کے حوالے سے دربار منعقد ہوا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹر،ڈی ایس پیز،ٹریفک افسران اور وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر نے سلام کلام کی پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹریفک وارڈنز اور اہلکار شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں کیونکہ ان ہی کی خدمت کیلئے سڑکوں پر ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک عملہ ڈسپلن پر خصوصی عمل پیرا رہے اور کسی بھی غیر ڈسپلن حرکات میں ملوث نہ ہوں۔
چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل نے پولیس اہلکاروں کو ہدایات دیں کہ محکمہ پولیس کے ملازمین کے ساتھ بہتر رویہ اپنائیں کیونکہ ہر سرکاری ملازم اپنے محکمہ سے کافی امیدیں رکھتا ہے اسی طرح تمام عملہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ نہایت دوستانہ اور مخلصانہ رویہ رکھے اور سڑکوں پر ان کو درپیش کسی بھی مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بارے حکومت کی پالیسی نہایت واضح ہے اور کسی بھی سرکاری ملازم کو اور خصوصی طور پر محکمہ پولیس جو کہ ایک ڈسپلن فورس ہے اس کے ملازمین سوشل میڈیا کا غیر محتاط استعمال نہیں کر سکتے اور نہ ہی کسی قسم کی سیاسی تبصروں اور بغیر افسر مجاذ کی اجازت کے مختلف قسم کی ویڈیوز وائرل نہیں کر سکتے۔
وسیم احمد خلیل نے تمام عملے کو متنبہ کیا کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار تجاوزات کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد کلیئر کردہ ایریا پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ پھر کوئی تجاوزات قائم نہ کرے۔











