وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کا پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سے خطاب

97

اسلام آباد,3 0ستمبر (اے پی پی) :اقتصادی امورکے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ دوروزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس وزارتِ اقتصادی امور میں منعقد ہوا جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور چاروں صوبوں کے متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو صوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری منصوبوں کا حجم 2.4 ارب ڈالر ہے۔ اقتصادی امورکے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس میں بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سہ فریقی جائزہ اجلاس جاری رہیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کوایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ہیڈ نے کہاکہ منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے جائزہ اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، انہوں نے جائزہ اجلاس پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کاشکریہ اداکیا۔