اسلام آباد ، 3 ستمبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد اور اس کے مضافات میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے آبادی کے پھیلاؤ کے مسئلے کے حل اور صحت و تعلیم کی سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔
وہ جمعرات کو یہاں وفاقی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں کو درپیش صاف پانی، ٹرانسپورٹ کے مسائل اور صحت و تعلیم کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ زیر التوا اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے سے متعلقہ معاملات اور ان کے حل پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے کی تکمیل، انتظام اور ٹرانسپورٹ سے متعلقہ معاملات کے حوالے سے اسلام آباد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ غازی بروتھا سے اسلام آباد کو پانی سپلائی کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔ اس ضمن میں صحت اور تعلیم کی سہولیات میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد اور اس کے مضافات میں بغیر کسی منصوبہ بندی آبادی کے پھیلاو کے مسئلے کے حل پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ گرین ایریاز کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا اس حوالے سے تجاوزات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر برائے داخلہ مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجہ خرم شہزاد، چئیرمین سی ڈی اے و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔











