احمدپورشرقیہ،04 ستمبر(اے پی پی): گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور میں شعبہ فیشن آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام بی ایس فائن آرٹس سیشن سال 2016 سے سال 2020 کی طالبات کی جانب سے ایک روزہ ساتویں سالانہ تھیسز نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے بطور مہمان خصوصی نمائش کا افتتاح کیا ۔
نمائش میں طالبات کے ہاتھوں سے تیار کردہ پینٹنگ ، منیئچر ورک اور ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کے تیار کردہ شاہکار ڈسپلے کیے گئے تھے ۔ نمائش کو دیکھنے کیلئے یونیورسٹی بھر کے ڈینز اور پروفیسرز سمیت دیگر شعبہ جات سے طالبات نے بھی شرکت کی۔ نمائش میں تھیسز کوارڈینیٹر کے طور پر اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ فیشن آرٹ اینڈ ڈیزائن زارا سحر اور لکچرار سدرا رسول نے خدمات سرانجام دیں، ٹیکسٹائل ڈیزائن کوارڈینیٹر کے طور پر لیکچرار فائقہ فیاض اور صباء صادق نے جبکہ منیئچر کوارڈینیٹر کے طور پر لیکچرار سائرہ انور نے فرائض انجام دئیے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے طالبات کے کام کو سراہا اور شعبہ فیشن آرٹ اینڈ ڈیزائن کے تمام منتظمین کو شاندار تھیسز نمائش کا اہتمام کرنے پر مبارک باد بھی دی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی طالبات کے ہاتھوں سے بنے فن پارے کسی طور پر بھی کسی بھی بڑے شہر کی یونیورسٹی طالبات سے کم نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں تاکہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات عملی زندگی میں ملک کا نام روشن کرسکیں۔











