ملتان ، 05 ستمبر (اے پی پی ): کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا جس میں سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدلطیف خان نے کمشنر کو شہر کی صفائی سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں کمشنر نے شہر کی صفائی مثالی بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو افرادی قوت و مشینری کی کمی پوری کرنے کے احکامات دیے۔ کمشنر نے کہا کہ اولیاء کرام کی دہرتی کے باسیوں کیلئے صفائی کا مثالی نظام متعارف کرائیں گے،نئی مشینری کی خریداری میں پیپرا رولز پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ کمپنی کو مالی لحاظ سے خودمختار کرنے کیلئے ریونیو کا نظام وضح کیا جائے،کوڑا کرکٹ کا موثر استعمال کرکے کثیر تعداد میں ریونیو اکھٹا کیا جاسکتا ہے۔تعلیمی اداروں اور کمرشل مارکیٹس کو کوڑا مختص مقامات پر اکھٹا کرنے کا پابند کیا جائے جبکہ ماڈل یونین کونسلوں کا انتخاب کرکے صفائی کا جدید ماڈل متعارف کرایا جائے۔
سی ای او نے کہا کہ مشینری اور سٹاف کی ہائرننگ کیلئے ٹینڈرز کا عمل شروع کردیا گیا ،نئی لینڈ فل سائٹس کا انتخاب کرکے روزانہ کوڑا اکھٹا کرنے کی شرح بڑھائیں گے،سی ای او کی بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ سیل کے ذریعے کوڑا اور ملبہ سڑکوں پر پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔











