پی ایچ اے ملتان وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین ویژن کو عملی جامہ پہنا رہی ہے:وزیر خارجہ 

124

ملتان،05 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین وژن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔پی ایچ اے ملتان شجرکاری مہم کو بھرپور انداز سے جاری رکھے ہوئے ہے،گرین بیلٹس کی بحالی کے ساتھ ساتھ شہر میں مختلف مقامات پر سایہ دار درخت لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی و چیف وہب عامر ڈوگر اور چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ ،سی ای او میپکو محسن رضا خان کے ہمراہ سرکٹ ہاؤس میں شجرکاری کے موقع پر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے محدود وسائل پر شہر کو گرین کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں،پارکوں اور گرین بیلٹس پر بڑے سایہ داری درختوں سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا جو کہ خوش آئند امر ہے۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ شہر کے پارکوں کو بہتر کرنا اور عوامی سہولیات سے آراستہ کرنا اچھا اقدام ہے، پی ایچ اے کیجانب سے پارکوں کی بحالی پر کام جاری ہے،شجرکاری سے ماحول میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔

اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ گرین بیلٹس پر روڈ سائیڈز پر بڑے سایہ دار درخت،املتاس،سکھ چین اور ٹرمینیلیا کی شجرکاری بھرپور انداز سے جاری ہے،رواں ماہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔