بورے والا ، 06 ستمبر (اے پی پی ): فاتح لکشمی پور میجر محمدطفیل شہید( نشان حیدر) کے مزار واقع طفیل آباد بورے والا میں بھی یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، شہید کے مزار پر تقریب کو دیکھنے کے لئے شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنٹ میجر جنرل فہیم احمد کی قیادت میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، میجر جنرل فہیم احمد نےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے بھی شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورخصوصی دعا میں شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ کشمیریوں سے اظہاریکجہتی،ملکی سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔
بعد ازاں شہید کے خاندان کے افراد نے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہید کے لئے فاتحہ خوانی کی۔











