ملتان ،06 ستمبر (اے پی پی ): پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل ملتان اور ویز واش ملتان کے اشتراک سے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد واک کا اہتمام میٹروپولیٹین میونسپل کارپوریشن ملتان میں کیا گیا جسکی قیادت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان وزیراعلیٰ پنحاب محمد ندیم قریشی نے کی ۔
واک میں چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف بریسٹر سید عابد امام شاہ، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی شعبہ خواتین جنوبی پنجاب قربان فاطمہ،مارکیٹنگ منیجرشمع بناسپتی عمران اعظمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم بھی شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ ہمارے شہید ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں کیونکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، پاکستان کی غیور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کشمير کی آزادی کے لئے خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 65ء میں شکست خوردہ بھارت کو احساس ہو گیا کہ وہ کبھی بھی پاکستان کو طاقت کے زور پر زیر نہیں کر سکتا ۔لہذا اس نے ہماری شہہ رگ کشمير پر حملہ کر دیا ہے اور آج ایک سال سے زائد عرصے سے وہاں کرفیو نافذ کر کے ان پر مظالم ڈھا رہا ہے مگر وہ تمام تر ریاستی جبر و وستم کے باوجود کشميریوں کے حوصلے پست نہی کرسکا۔
اس موقع پر واک کے شرکاء نے بنیرز اور پلے کارڈز اٹھا کر افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے جبکہ آخر میں ملکی سلامتی و استحکام، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











