انچارج ٹریفک وارڈن کی فرض شناسی ، حادثہ میں زخمی سیلز مین کی ایک کروڑ کی رقم بحفاظت ورثا کے حوالے کردی

91

جلالپورپیروالا،06 ستمبر (اے پی پی): انچارج ٹریفک وارڈن پولیس نے ایمانداری اور فرض شناسی کی نئی مثال قائم کردی روڈ پر حادثے کے شکار نجی کمپنی کے زخمی سیلز مین کو نہ صرف ہسپتال منتقل کیا بلکہ اس کی ایک کروڑ روپے کی رقم بحفاظت ورثا کے حوالے کردی۔

 تفصیلات کے مطابق جلالپورپیروالا کے تحصیل انچارج ٹریفک وارڈن پولیس ملک محمد سلیم نے دوران گشت شجاع آباد روڈ پر حادثہ کا معلوم ہوتے ہی فوراً موقع پر پہنچے اور خون میں لت پت وحید کو فرسٹ ایڈ کےلیے قریبی ہسپتال منتقل کیا اور اس کے پاس موجود ایک کروڑ روپے کی رقم کی بھی حفاظت کی اور رقم بحفاظت ورثا کے حوالے کی۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک سلیم کا کہنا تھا کہ آر پی او ملتان و دیگر اعلی پولیس افسران کے ویژن کے مطابق میں نے حادثہ کا شکار شخص کی مدد کی اور انشااللہ اسی ویژن کے تحت عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، اس سے نہ صرف احسن طریقے سے فرض کی ادائیگی ہوتی ہے بلکہ دلی سکون بھی ملتا ہے ۔

انسپکٹر محمد سلیم کے اس کارنامے پر شہریوں کی طرف سے خراج تحسین کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔