ماربل مائن حادثہ، وزیر اعلیٰ محمود خان کا دورہ مہمند، امدادی رقوم کی تقسیم

79

 پشاور، 11ستمبر(اے پی پی):  : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مہمند میں ماربل کان میں حادثہ ایک غیرمعمولی واقعہ اور قدرت کی طرف سے آزمائش ہے مگر اس آزمائش کی گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی نے جمعہ  کو یہاں ضلع مہمند کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم کیے۔ حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو فی کس 9 لاکھ روپے کا امدادی چیک جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 7 بہنوں کے اکلوتے بھائی کے خاندان کیلئے 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم حکومت متاثرین کی دلجوئی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا ، اس لیے  حادثہ صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ خود رپورٹ لے رہا ہوں تاہم اس حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ اداروں کا کردار قابل ستائش ہے۔

وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا  مرحومین کے لیے دعاء مغفرت  بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی اس ناقابل تلافی نقصان پر لواحقین کو صبرواستقامت عطا فرمائے، ہم مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

اس تقریب میں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، معاون خصوصی عارف احمد زئی، رکن قومی اسمبلی ساجد مومند، کمشنر پشاور، ضلعی انتظامیہ، ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر خطیر احمد اور دیگر ریسکیو حکام بھی موجود تھے۔