بلوچستان کے ہر علاقے خصوصاً جنوبی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے: وزیراعظم عمران خان

150

کوئٹہ , 11 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان کے ہر علاقے خصوصاً جنوبی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ہماری حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں بلوچستان کی صوبائی کابینہ کے ممبران سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عنقریب وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر بلوچستان کا دورہ کریں گے اور جنوبی بلوچستان کی ترقی کے لئے سپیشل پیکیج مرتب کرنے کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔ اس موقع پر وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکا کو آگاہ کیا کہ وزارت منصوبہ بندی نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے ایک کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کابینہ اراکین نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے ممبران نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شعبہ تعمیرات کے حوالے سے جو اقدامات لئے ہیں ان سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور تمام اسٹیک ہولڈرز مستفید ہوں گے۔ ممبران نے ویسٹرن کوریڈور شروع کرنے پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ممبران نے کراچی چمن روڈ کی اہمیت کے پیش نظر اس سڑک کو دو رویہ کیرج وے بنانے کے حوالے سے منصوبہ بندی کا عمل شروع کرنے پر بھی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

صوبائی کابینہ کے  اس اجلاس میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی  شریک ہوئے۔