بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

142

اسلام آباد، 12 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  کہا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو دوحہ میں شروع ہونے والی بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مذاکراتی کانفرنس میں  قطر کے نائب وزیر اعظم اور اپنے قطری ہم منصب کی خصوصی دعوت پر  بذریعہ ویڈیو لنک  شرکت کی جبکہ پاکستان کی طرف سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق دوحہ اجلاس میں شریک ہیں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ آج افغانستان سے متعلق دنیا پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان قیادت کیلئے یہ ایک نادر موقع ہے کہ وہ ان مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن کی راہ ہموار کریں۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کیا اورکرتا رہے گا، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دوہرایا جائے اور افغانستان میں قیام امن کے خواب کو شرمندہ ء تعبیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان شر پسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہو گی جو افغان امن عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہیں۔

اے پی پی /حمزہ/نورین