ملتان؛جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری

141

ملتان، 12ستمبر(اے پی پی ): محکمہ زراعت پنجاب کی جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ شاہد حسین ودیگر افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے پولیس کے ہمراہ بستی بوٹے والا میں حاجی الطاف حسین کے پولٹری فارم پر  چھاپہ مارا۔ جس دوران موقع پر پکڑی جانیوالی جعلی زرعی ادویات ودیگر مٹیریل برآمد کی گئی۔

جن کے لیبلز پر امپورٹر،مینوفیکچرر،فارمولیٹر اورڈسٹری بیوٹر کے نام غیر قانونی طور پر استعمال کئے جارہے تھے، پیکنگ میٹریل پرتاریخ تیاری،تاریخ ایکسپائری،بیچ نمبر،رجسٹریشن نمبر،پیک کنندہ کی بابت جعلی معلومات درج تھیں۔قبضہ میں لی گئی جعلی دانے دار مور میکس (کاربوفیوران)ودیگر مٹیریل شامل ہے۔

ملزمان ٹوٹل کئیرپیسٹی سائیڈزکے نام سے جعلی زرعی ادویات غیر قانونی طریقے سے پیکنگ وفارمولیٹ کرکے ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کرکے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے تھے۔

پکڑی جانیوالی جعلی زرعی ادویات کی مالیت تقریباً1کروڑ روپے بنتی ہے۔

کارروائی کے دوران 2ملزمان محمد عابدولد لطیف،محمد آکاش ولد محمد رمضان موقع سے گرفتار  کیے گئے جبکہ موقع سے جعلی زرعی ادویات کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں۔