ملتان: پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹوباڈی کی خالی نشستوں پر پاکستان جنرز گروپ نےکلین سویپ کر  دیا

128

ملتان،22 ستمبر(اے پی پی):پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے )کی ایگزیکٹوباڈی کی خالی ہونے والی پندرہ نشستوں

پرہونےوالے انتخاب میں پاکستان جنرز گروپ نےکلین سویپ کرتے ہوئے تمام نشستوں پرکامیابی حاصل کرلی ،مدمقابل پروگریسوگروپ کے امیدوار تمام نشستوں پرناکام ہوگئے ۔

ایگزیکٹو باڈی کی پندرہ نشستوں پرانتخاب کے بعد اب چیئرمین ،سینئر وائس چیئرمین اوروائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 23ستمبر کو جمع کرائیں جائیں گے اورزیادہ امیدواروں کی صورت میں 26ستمبرکوپولنگ ہوگی جبکہ 30ستمبرکوجنرل باڈی کااجلاس منعقدہوگاجس میں نئے عہدیداروں کو اختیارات منتقل کردیئے جائیں گے ۔سوموارکومنعقد ہونے والے پی سی جی اے کے الیکشن کے لئے ایک پولنگ سٹیشن سندھ میں اورایک پولنگ سٹیشن پی سی جی اے ہاﺅس ملتان میں بنایاگیاتھا۔جہاں رات گئے تک گہماگہمی جاری رہی جبکہ ووٹوں کی گنتی کے بعد رات گئے جیتنے والے امیدواروں کے ناموں کااعلان کیاگیا۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے )کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد لگ بھگ گیارہ سوجبکہ ملک بھرمیں جننگ فیکٹریوں کی تعدادلگ بھگ تیرہ سو ہے،الیکشن میں مجموعی طورپر771ووٹ کاسٹ ہوئے۔پاکستان جنرزگروپ کے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ملک طفیل 439،غلام مصطفی نے 440،رشید احمد نے 434،ڈاکٹرجسومل نے 440،مہیش کمار نے 445،رمیش بابونے 425،روپن مل نے 421،عمران خان نے 438،فیصل نصیر قریشی نے 442،محمد مقبول نے 438،خالد رفیق نے 459،محمد ہارون نے 442،محمد شہبازنے 419،غلام قادر نے 403اورعمیر شبیرنے 393ووٹ حاصل کئے ۔

گروپ چیئرمین حاجی محمد اکرم نے گروپ کی کامیابی کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن سے جمہوری رویہ اورمضبوط ہواہے ،اتحاد اوراتفاق سے اب اس تنظیم کومزید مضبوط بنائیں گے ۔

اے پی پی /ملتان/نورین