ملتان ،30ستمبر(اے پی پی ): حکومتی احکامات کی روشنی میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے زیر انتظام چائلڈ پروٹیکشن سکول میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو انتظامیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کی کرونا بارے وضع کردہ ایس او پیز کا خاص طور پر خیال رکھا گیا ہے۔چائلڈ پروٹیکشن سکول میں 50 سے زائد لاوارث بے آسرا بچے زیر تعلیم ہیں کرونا وائرس سے حفاظت کے پیش نظر ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کے لئے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک کا خصوصی طور پر انتظام کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو فیاض احمد بٹ نے چائلڈ پروٹیکشن سکول کا دورہ بھی کیا اور ایس او پیز کے مطابق کرونا بارے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ڈسٹرکٹ آفیسر فیاض احمد بٹ نے ایس او پیز کے مطابق کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔











